Blog Archive

Sunday 11 November 2012

Dars No.22 سونے کی انگوٹھی Gold Ring


درس نمبر22

زینت کا بیان

    مردوں کو سونے کی انگوٹھی پہننا حرام ہے مرد چاندی کی ایک انگوٹھی ایک نگ والی جو وزن میں ساڑھے چار ماشہ سے کم ہو پہن سکتے ہیں مرد چند انگوٹھیاں یا ایک انگوٹھی کئی نگ والی یا چھلے نہیں پہن سکتے کہ یہ سب مردوں کے لئے ناجائز ہیں عورتیں سونے چاندی کی ہر قسم کی انگوٹھیاں چھلے اور ہر قسم کے زیورات پہن سکتی ہیں لیکن سونے چاندی کے علاوہ دوسری دھاتوں مثلاً لوہا' تانبا' پیتل' رولڈ گولڈ وغیرہ کے زیورات یا انگوٹھیاں مرد و عورت دونوں کے لئے ناجائز ہیں بجنے والے زیورات بھی عورتوں کے لئے منع ہیں نابالغ لڑکوں کو بھی زیورات پہنانا حرام ہے پہنانے والے گنہ گارہوں گے

(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب العاشرفی استعمال الذھب والفضۃ،ج۵،ص۳۳۵)

مسئلہ:۔شریعت میں اجازت ہے کہ اگر اﷲتعالیٰ نے دولت دی ہے تو اچھا لباس اور قیمتی کپڑوں کا استعمال عورتوں اور مردوں دونوں کے لئے جائز ہے بشرط یہ کہ فخر اور گھمنڈ کے لئے نہ ہوں بلکہ نعمت خداوندی کے اظہار کے لئے ہو۔     (ردالمحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی اللبس،ج۹،ص۵۷۹)

مسئلہ:۔انسان کے بالوں کو عورت چوٹی بنا کر اپنے بالوں میں گوندھے تاکہ اس کے بال زیادہ اور خوبصورت معلوم ہوں یہ حرام ہے اور اگر اون یا کالے دھاگوں کی چوٹی بنا کر بالوں میں گوندھے تو یہ جائز ہے۔

(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب التاسع عشر فی الختان،ج۵،ص۳۵۸)

مسئلہ:۔دانتوں کو ریتی سے ریت کر خوب صورت بنانے والی یا موچنے سے بھوؤں کے بالوں کو نوچ کر بھوؤں کو باریک اور خوب صورت بنانے والی ان سب عورتوں پر حدیث میں لعنت آئی ہے۔

(صحیح مسلم، کتاب اللباس والزینۃ،باب تحریم فعل الواصل۔۔۔الخ،رقم ۲۱۲۵،ص۱۱۷۵)

مسئلہ:۔لڑکیوں کے ناک کان چھیدنا جائز ہے بعض جاہل مرد اور عورتیں لڑکوں کے بھی کان چھدواتے ہیں اور دریا پہناتے ہیں یہ ناجائز ہے یعنی لڑکوں کے کان بھی چھدوانا ناجائز اور ان کے کان میں زیور پہنانا بھی حرام ہے۔         (ردالمحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع،ج۹،ص۶۹۳)

مسئلہ:۔عورتیں اپنی چوٹیوں میں سونے چاندی کے دانے 'پھول کلپ لگا سکتی ہیں۔

(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب العشرون فی الزینۃ۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۵۹)

مسئلہ:۔عورتوں کو کاجل اور کالا سرمہ زینت کے لئے لگانا جائز ہے مردوں کو کالا سرمہ محض زینت کے لئے لگانا ناجائز ہے ہاں اگر کالا سرمہ آنکھوں کے علاج کے لئے لگائے تو اس میں کوئی کراہت نہیں۔

(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب العشرون فی الزینۃ۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۵۹)

آداب:۔(۱)جو امیر عورتیں بہت ہی قیمتی اور زرق برق لباس اور شاندار زیورات پہنتی ہیں ان کے پاس بہت کم اٹھو بیٹھو کہ ان کے ٹھاٹھ باٹھ کو دیکھ کر تم کو اپنی مفلسی اور غریبی پر افسوس ہوگا اور تم خداوند کریم کی ناشکری کرنے لگوگی اور خواہ مخواہ دنیا کی ہوس بڑھے گی۔
(۲)ہر ہفتہ نہا دھو کر ناف سے نیچے اور بغل وغیرہ کے بال دور کرکے بدن کو صاف ستھرا کرنا مستحب ہے ہر ہفتہ نہ ہو تو پندرھویں دن سہی زیادہ سے زیادہ چالیس دن اس سے زیادہ کی اجازت نہیں اگر چالیس دن گزر گئے اور بال صاف نہ کئے تو  گناہ ہوا عورتوں کو خاص طور پر اس کا خیال رکھنا چاہے کیونکہ عورتوں کی گندگی اور پھوہڑپن سے شوہروں کو اپنی بیویوں سے نفرت ہو جایا کرتی ہے پھر میاں بیوی کے تعلقات ہمیشہ کے لئے خراب ہو جایا کرتے ہیں۔         (ردالمحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع،ج۹،ص۶۷۱)

(۳)موٹے کپڑے پہننا اور پھٹے پرانے کپڑوں میں پیوند لگا کر پہننا اسلامی طریقہ ہے ۔

(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب التاسع فی اللبس مایکرہ من ۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۳۳)

    حدیث شریف میں رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جب تک کپڑے میں پیوند لگا کر نہ پہن لو اس وقت تک کپڑے کو پرانا نہ سمجھو اس لئے خبردار خبردار کبھی ہر گز بھی پیوند لگا کر کپڑوں کو پہننے میں نہ شرم کرو اور نہ اس کو حقیر سمجھو نہ اس پر کسی کو طعنہ مارو۔              (بہار شریعت،ج۳،ح۱۶،ص۵۴)

(۴)ناک منہ صاف کرنے کے لئے یا وضو کے بعد ہاتھ منہ پونچھنے یا پسینہ پونچھنے کے لئے رومال رکھنا عورتوں اور مردوں کے لئے جائز ہے اس لئے رومال رکھنا چاہے دامن یا آستین سے ہاتھ منہ پونچھنا یا ناک صاف کرنا خلاف ادب اور گھناؤنی بات ہے ۔     (الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب التاسع فی اللبس ،ج۵،ص۳۳۳)

متفرق مسائل

مسئلہ:۔مردوں کو عمامہ باندھنا سنت ہے خصوصاً نماز میں کیونکہ جو نماز عمامہ باندھ کر پڑھی جاتی ہے اس کا ثواب بہت زیادہ ہوتا ہے۔                 (بہار شریعت،ج۳،ح۱۶،ص۵۵)

مسئلہ:۔عمامہ باندھے تو اس کا شملہ دونوں شانوں کے درمیان لٹکائے اور شملہ زیادہ سے زیادہ اتنا بڑا ہونا چاہے کہ بیٹھنے میں نہ دبے۔ (الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب التاسع فی اللبس مایکرہ ۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۳۰)

خصوصی التجاء ! اس پوسٹ کو اپنے تمام دوستوں کو ضرور شیئر کیجئے ہو سکتا ہے کہ یہی پوسٹ کسی کی اصلاح کا ذریعہ بن جائے