Blog Archive

Tuesday, 9 October 2012

سورۃ فاتحہ کی فضیلت اور اس کا ثواب


سورۃ فاتحہ کی فضیلت اور اس کا ثواب

(۱۱۰۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سناکہ'' اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ میں نے قرا ئت کو اپنے اور اپنے بندوں کے درمیان دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے اورمیرے بندے کے لئے وہی ہے جو وہ مانگے ۔''
    ایک روایت میں ہے کہ'' اس میں سے آدھی قرا ء ت میرے لئے ہے اور آدھی میرے بندے کے لئے ۔'' جب بندہ''  اَلْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ کہتاہے تو اﷲ عزوجل فرماتا ہے کہ'' میرے بندے نے میری ثناء بیان کی۔'' جب بندہ اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کہتاہے تو اللہ عزوجل فرماتاہے ،''میرے بندے نے میری بزرگی بیان کی۔'' جب بندہ اِیَّا کَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ کہتاہے تو اللہ عزوجل فرماتا ہے، ''یہ میرے اور میرے بندے کے درمیان ہے اور میرے بندے کیلئے وہی ہے جو وہ مجھ سے مانگے۔'' جب وہ اِھْدِنَاالـصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ غَیْرِالْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَلَا الضَّالِّیْنَO کہتا ہے تواللہ عزوجل فرماتاہے،'' یہ میرے بندے کے لئے ہے او ر میرا بندہ جو مانگے اس کے لئے وہی ہے۔''

(مسلم، کتاب الصلاۃ ،باب وجوب قراء ۃ الفاتحۃ فی کل رکعۃ الخ ،رقم ۳۹۵ ،ص ۲۰۸ )

(۱۱۰۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیدنا جبرائیل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر تھے کہ انہوں نے اپنے سر پر ایک آواز سنی تو اپنے سر کواوپر اٹھایا اورکہا ،''یہ آسمان کا دروازہ ہے جوآج ہی کھولا گیا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں کھولا گیا۔'' پھر اس سے ایک فرشتہ نیچے اترا تو جبرائیل علیہ السلام نے عر ض کیا،'' یہ ایک فرشتہ ہے جو زمین کی طرف اترا ہے آج سے پہلے کبھی نہیں اترا۔'' پھر اس نے سلام کیا اور عرض کیا،''یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! دو نوروں کی خوشخبری لیجئے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو عطا کئے گئے ہیں، آپ سے پہلے کسی بھی نبی کوعطانہیں ہوئے، وہ سورۃ فاتحہ اور سورۂ بقرہ کی آخری آیتیں ہیں،آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ان دونوں میں سے جو بھی حرف پڑھیں گے اس کے عوض آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم پر عطائیں کی جائیں گی ۔''

     (مسلم ،کتاب صلاۃ المسافرین ،باب فضل الفاتحۃ وخواتیم سورۃ البقرۃ،رقم ۸۰۶، ص ۴۰۳ )