Blog Archive

Tuesday, 13 November 2012

Dars No. 24 Nabi o Rasool نبی و رسول


درس نمبر24
 نبی و رسول

عقیدہ :۱اﷲتعالیٰ نے اپنے بندوں کی ہدایت کے لئے بہت سے پیغمبروں کو دنیا میں بھیجا۔ یہ سب پیغمبر تمام گناہوں سے پاک ہیں ۔         (المسامرۃ بشرح المسایرۃ ، الکلام علی العصمۃ ، ص۲۲۷)
    اور اﷲتعالیٰ کے بہت ہی نیک بندے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ کے سب پیغمبروں کا یہی کام ہے کہ وہ اﷲتعالیٰ کے پیغام اور اس کے احکام کو بندوں تک پہنچاتے ہیں۔
         (شرح العقائد النسفیۃ،کتاب مبحث النبوات،ص۱۴۰)
     اﷲتعالیٰ نے ان پیغمبروں کی سچائی ظاہر کرنے کے لئے ان کے ہاتھوں پر ایسی ایسی حیرت اور تعجب میں ڈالنے والی چیزیں ظاہر فرمائیں جو بہت ہی مشکل اور عادت کے خلاف ہیں جو دوسرے لوگ نہیں کرسکتے۔ ان چیزوں کو ''معجزہ'' کہتے ہیں۔
 (شرح العقائد النسفیۃ ، والنوع الثانی خبر الرسول المؤید بالمعجزۃ ، ص۱۷، مبحث النبواۃ ، ص۱۳۵)
    جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا عصا کہ وہ اژدہا بن کر فرعون کے سامنے جادوگروں کے سانپوں کو نگل گیا۔
 (روح البیان،طٰہٰ:۷۰،ج۵،ص۴۰۵)
اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا مردوں کو زندہ کرنا۔
    (پ۳،اٰل عمران:۴۹)
اور ہمارے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کا چاند کو دو ٹکڑے کردینا۔
 (المواہب اللدنیۃ المقصد الرابع فی المعجزات ،الفصل الاول فی معجزاتہ صلی اللہ علیہ وسلم ،ج۲،ص۵۲۳)
ڈوبے ہوئے سورج کو واپس لوٹادینا۔
 (المواہب اللدنیۃ المقصد الرابع فی المعجزاتہ صلی اللہ علیہ وسلم ،ج۲،ص۵۲۸۔۵۲۹)
کنکریوں سے اپنا کلمہ پڑھوالینا۔
    (الخصائص الکبری،با ب التسبیح الحصی والطعام،ج۲،ص۱۲۵)
انگلیوں سے پانی کا چشمہ جاری کردینا۔
 (صحیح البخاری، کتاب المناقب ، باب علامات النبوۃ فی الاسلام ،رقم ۳۵۷۶،ج۲،ص۴۹۳)
یہ سب معجزات ہیں۔ ان پیغمبروں کو نبی کہتے ہیں۔ اور ان نبیوں میں سے جو خداوند تعالیٰ کی طرف سے کوئی نئی آسمانی کتاب اور نئی شریعت لے کر آئے وہ ''رسول'' کہلاتے ہیں۔
 (النبراس، تعریف الرسول صلی اللہ علیہ وسلم ،ص۵۴/ المسامرۃ بشرح المسایرۃ ، الکلام علی العصمۃ ، ص۲۳۱)
نبی سب مرد تھے' نہ کوئی جن نبی ہوا' نہ کوئی عورت۔
 (پ۱۴،النحل:۴۳/ تفسیر بیضاوی مع حاشیۃ محی الدین شیخ زادہ ، ج۵،ص۲۷۴)
نبی سب انسانوں سے زیادہ عقلمند ہوتے ہیں اور بے عیب بھی۔
            (المسامرۃبشرح المسایرہ،شروط النبوۃ،ص۲۲۶)
عقیدہ :۲سب سے پہلے پیغمبر حضرت آدم علیہ السلام ہیں اور سب سے آخری پیغمبر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم ہیں۔
 (شرح العقائد النسفیۃ ، اول الانبیاء آدم علیہ السلام واخرھم محمد علیہ السلام ،ص۱۳۶)
اور باقی تمام نبی و رسول ان دونوں کے درمیان ہوئے۔ ان پیغمبروں میں سے جو بہت مشہور ہیں۔ اور قرآن مجید اور احادیث میں جن کا باربار ذکر آیا ہے۔ وہ یہ ہیں:۔
 (۱)حضرت نوح علیہ السلام        (پ۱۷، الانبیآء : ۷۶)
(۲)حضرت ابراہیم علیہ السلام         (پ۱۷،الانبیاء:۶۹)
(۳)حضرت اسمٰعیل علیہ السلام         (پ۱۷،الانبیاء:۸۵)
(۴)حضرت اسحاق علیہ السلام        (پ۱۷،الانبیاء:۷۲)
(۵)حضرت یعقوب علیہ السلام     (پ۱۷،الانبیاء:۷۲)
(۶)حضرت یوسف علیہ السلام        (پ۱۲،یوسف:۴)
(۷)حضرت داؤد علیہ السلام        (پ۱۷،الانبیاء:۷۹)
(۸)حضرت سلیمان علیہ السلام         (پ۱۷،الانبیاء:۸۱)
(۹)حضرت ایوب علیہ السلام        (پ۱۷،الانبیاء:۸۳)
(۱۰)حضرت موسیٰ علیہ السلام        (پ۱۷،الانبیاء:۴۸)
(۱۱)حضرت ہارون علیہ السلام    (پ۱۷،الانبیاء:۴۸)
(۱۲)حضرت زکریا علیہ السلام        (پ۷،الانعام:۸۵)
(۱۳)حضرت یحیی علیہ السلام         (پ۷،الانعام:۸۵)
(۱۴)حضرت عیسیٰ علیہ السلام        (پ۷،الانعام:۸۵)
(۱۵)حضرت الیاس علیہ السلام    (پ۷،الانعام:۸۵)
(۱۶)حضرت الیسع علیہ السلام        (پ۷،الانعام:۸۶)
(۱۷)حضرت یونس علیہ السلام         (پ۷،الانعام:۸۶)
(۱۸)حضرت لوط علیہ السلام        (پ۷،الانعام:۸۶)
(۱۹)حضرت ادریس علیہ السلام     (پ۱۷،الانبیآء :۸۵)
(۲۰)حضرت صالح علیہ السلام         (پ۱۹،النمل:۴۵)
(۲۱)حضرت ہود علیہ السلام        (پ۱۹،الشعرآء: ۱۲۴)
(۲۲)حضرت شعیب علیہ السلام    (پ۱۲،ھود:۸۴)
(۲۳)حضرت محمد رسول اﷲ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم     (پ۴،اٰل عمران:۱۴۴)

عقیدہ :۳ نبیوں پر اﷲتعالیٰ نے جو صحیفے اور آسمانی کتابیں اتاریں۔
            (النبراس ، بیان الکتب المنزلۃ، ص۲۹۰)
    ان میں سے چار بہت مشہور ہیں:
     ''توریت'' حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام پر۔(پ۶،المائدۃ:۴۴)
     ''زبور'' حضرت داود علیہ الصلوٰۃ والسلام پر۔(پ۱۵،بنی اسرائیل:۵۵)
     ''انجیل'' حضرت عیسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام پر۔(پ۶،المائدۃ:۴۶)
     ''قرآن مجید'' جو سب سے افضل کتاب ہے وہ سب سے افضل رسول حضرت محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم پر۔
 (پ۲۹،الدھر:۲۳)
عقیدہ :۴خدا کے نبیوں کی کوئی تعداد معین کرنی جائز نہیں ہے کیونکہ اس بارے میں مختلف روایتیں آئی ہیں۔ اور نبیوں کی کسی معین تعداد پر ایمان لانے میں یہ احتمال ہے کہ کسی نبی کی نبوت کا انکار ہو جائے ۔
 (شرح العقائد النسفیۃ، مبحث اول الانبیاء آدم علیہ السلام ،ص۱۳۹۔۱۴۰/الفتاوٰی الرضویہ الجدیدۃ، کتاب السیر ، ج۱۵،ص۲۴۸/شرح الملا علی القاری علی الفقہ الاکبر، الانبیآء منزھون عن الکبائر والصغائر، ص۵۷/الشفاء فصل فی بیان ما ھو من المقالات کفر ، ص۲۴۵)
یا غیر نبی کو نبی مان لیا جائے اور یہ دونوں باتیں کفر ہیں۔ اس لئے یہ اعتقاد رکھنا چاہے کہ اﷲتعالیٰ کے ہر نبی پر ہمارا ایمان ہے۔
عقیدہ :۵مسلمان کے لئے جس طرح اﷲتعالیٰ کی ذات و صفات پر ایمان لانا ضروری ہے۔ اسی طرح ہر نبی کی نبوت پر بھی ایمان لانا ضروری ہے۔
عقیدہ :۶ہر نبی اور فرشتہ کا معصوم ہونا ضروری ہے۔ نبی اور فرشتہ کے سوا کوئی معصوم نہیں۔
 (النبراس ، مبحث مسئلہ عصمۃ الانبیاء علیہم السلام ،ص۲۸۳النبراس ، مبحث الملائکہ علیہم السلام ،ص۲۸۷)
اماموں کو نبیوں کی طرح معصوم سمجھنا بددینی و گمراہی ہے۔ نبیوں اور فرشتوں کے معصوم ہونے کا یہ مطلب ہے کہ اﷲتعالیٰ نے ان حضرات کو گناہوں سے محفوظ رکھنے کا وعدہ فرمالیا ہے۔ اس سبب سے ان حضرات کا  گناہ میں مبتلا ہونا شرعاً محال ہے برخلاف اماموں اور اولیاء کے۔ اﷲتعالیٰ انہیں گناہوں سے بچاتا ہے۔ لیکن اگر کبھی ان حضرات سے کوئی گناہ صادر ہو جائے تو یہ شرعاً محال نہیں۔
                     (بہارشریعت،ج۱،ح۱،ص۱۳)
عقیدہ :۷اﷲتعالیٰ نے پیغمبروں پر شریعت کے جتنے احکام تبلیغ کے لئے نازل فرمائے ان پیغمبروں نے ان تمام حکموں کو خدا کے بندوں تک پہنچادیا ہے۔
 (الیواقیت والجواہر ، المبحث الثانی والثلاثون فی ثبوت رسالۃ نبینا محمد صلی اللہ علیہ وسلم، ج۲،ص۲۵۲)
جو شخص یہ کہے کہ کسی نبی نے کسی حکم کو تقیہ یعنی خوف کی وجہ سے یا اور کسی وجہ سے چھپالیا اور خدا کے بندوں تک نہیں پہنچایا وہ کافر ہے۔
 (المعتقد المنتقد مع المستند المعتمد، منہ تبلیغ جمیع ما امروا بتبلیغہ، ص۱۱۳۔۱۱۴)
جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔باقی آئندہ درس میں۔۔۔۔۔۔ان شاء اللہ عزوجل
خصوصی التجاء ! اس پوسٹ کو اپنے تمام دوستوں کو ضرور شیئر کیجئے ہو سکتا ہے کہ یہی پوسٹ کسی کی اصلاح کا ذریعہ بن جائے